کمٹہ9؍مارچ (ایس او نیوز) ریاستی حکومت میں پی ڈبلیو ڈی محکمہ کے وزیر ایچ سی مہادیوپّا نے کہا ہے کہ ضلع میں ریت نکالنے کی اجازت ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جلد ہی دی جائے گی۔
وزیر موصوف نے کمٹہ میں اپنے دورے کے وقت اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں ریت کی ضرورت اور اہمیت کے بارے میں میرے علم میں بھی بات آئی ہے۔ ریت نکالنے اور اس کی سپلائی سے متعلق سرگرمیوں کے لئے کمیٹی تشکیل دی جاچکی ہے اور ڈپٹی کمشنر اس سلسلے میں ہدایت جاری کرنے والے ہیں کہ ضلع کے کن کن مقامات پر ریت نکالی جاسکے گی۔ ان مقامات پر ریت نکالنے کے سلسلے میں نئی پالیسی وضع کر لی گئی ہے۔ اس طرح جلد ہی یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ نیشنل ہائی وے کی توسیع کے منصوبے میں صرف کمٹہ میں ہی کیوں بائی پاس کیا جارہے؟ تو انہوں نے مبہم سا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی بائی پاس کی تعمیر کی جائیگی۔پریس کانفرنس کے دوران کمٹہ ایم ایل اے شاردا موہن شیٹی، بھٹکل ایم ایل اے منکال وئیدیا کے علاوہ دیگر عوامی نمائندے اور لیڈران موجود تھے۔